ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہذب انسانی معاشرے کیلئے دہشت گردی سب سے بڑا خطرہ:وینکیا نائیڈو

مہذب انسانی معاشرے کیلئے دہشت گردی سب سے بڑا خطرہ:وینکیا نائیڈو

Mon, 14 Dec 2020 11:52:33    S.O. News Service

نئی دہلی،دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے ہندوستانی پارلیمنٹ پر دہشت گردانہ حملے کی برسی کے موقع پر اتوار کے روز کہا کہ دہشت گردی شخصی آزادی، عالمی معاشی ترقی اور جمہوریت جیسے مہذب انسانی معاشرے کے اصولوں کیلئے سب سے سنگین خطرہ ہے -

مسٹر نائیڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے ایک خطاب میں کہا کہ پارلیمنٹ جمہوریت کا مندر ہے اور دہشت گردی جمہوریت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے - اس سے قبل وہ اس موقع پر پارلیمنٹ کے احاطے میں منعقدہ ایک پروگرام میں شریک ہوکر دہشت گردانہ حملے کے شہیدوں کو پھولوں کا نذرانہ عقیدت پیش کیا-

انہوں نے کہا کہ2001میں پارلیمنٹ پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے سے ہماری جمہوریت کے مندر کو بچانے کیلئے اپنی عظیم قربانی دینے والے ہمارے بہادر جوانوں کو میرا سلام- یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دہشت گردی جمہوریت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے - عالمی برادری کو اس کے خلاف متحد ہونا چاہئے -

مسٹر نائیڈو نے کہا کہ13دسمبر کا دن دہشت گردی کے خوفناک خطرے سے ہمیں خبردار کرتا ہے، ہمارے جمہوری اصول اور معاشی ترقی کے تئیں ہماری توقعات پر دہشت گردی کے خطرات سے خبردار کرتا ہے- انہوں نے کہا کہ بیس سال پہلے آج ہی کے دن، تربیت یافتہ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے دن کے اجالے میں ہندوستان کی جمہوریت کے مندر پر حملہ کیا تھا-

اس حملے سے دنیا لرز اٹھی- پارلیمنٹ ہاؤس کی سکیورٹی میں تعینات ہمارے سکیورٹی گارڈ کی چوکسی اور بہادری نے ایک بڑے حادثے سے بچا لیا- اس دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنانے کیلئے آٹھ بہادر جوانوں اور ایک مالی نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور زبردست قربانی دی- پانچوں حملہ آور دہشت گردوں کو فوری کارروائی میں مار دیا گیا تھا-نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ اس جذباتی موقع پر میں آٹھ سکیورٹی گارڈ اور مالی کی بہادری اور قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں - احسان مند قوم آپ کی قربانی کو ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھے گی-


Share: